ایواکی: جاپان کی انتخابی مہم منگل سے شروع ہو گئی جب دو سب سے بڑی جماعتوں کے رہنماؤں نے فوکوشیما سے اس کا آغاز کیا، جس سے ایسا لگ رہا ہے کہ آئندہ انتخاب میں پچھلے سال کی ایٹمی آفت کے بعد ایٹمی توانائی کے مستقبل کا معاملہ غالب رہے گا۔
ڈیموکریٹک پارٹی آف جاپان (ڈی پی جے) کے سربراہ وزیر اعظم یوشیکو نودا نے تباہ حال ایٹمی بجلی گھر سے تھوڑا ہی پرے جنوب میں ایواکی، صوبہ فوکوشیما سے ووٹروں کی حمایت حاصل کرنے کا آغاز کیا۔
شینزو ایبے، جو مرکزی اپوزیشن لبرل ڈیموکریٹک پارٹی (ایل ڈی پی) کی قیادت کرتے ہیں، فوکوشیما شہر میں تھے، جو تباہ حال فوکوشیما ڈائچی ایٹمی بجلی گھر سے 50 کلومیٹر دور واقع ہے۔
“ہم ہارنے کے متحمل نہیں ہو سکتے،” انہوں نے تالیوں کی گونج میں کہا، اگرچہ ایک سننے والے نے ہاتھ میں پلے کارڈ اٹھا رکھا تھا جس میں ایل ڈی پی کی عشروں طویل ایٹمی توانائی کو فروغ دینے کی پالیسی کو نشانہ بنایا گیا تھا، اور لکھا تھا “یہ ایل ڈی پی ہے جس نے فوکوشیما میں ایٹمی پلانٹ تعمیر کیے”۔
ڈی پی جے 2030 کے عشرے تک ایٹمی توانائی کو ترک کرنے کا وعدہ کرتی ہے جبکہ کاروباری برادری کی دوست ایل ڈی پی صرف یہ کہتی ہے کہ وہ آئندہ تین برسوں میں فیصلہ کرے گی کہ آفت کے بعد بند کیے جانے والے ری ایکٹر ری اسٹارٹ کرنے چاہئیں یا نہیں۔
ایک اور طاقت ٹومارو پارٹی آف جاپان ہے، جسے مغربی صوبے شیگا کی گورنر اور ماحولیاتی علوم کی ماہر یوکیکو کادا نے پچھلے ماہ قائم کیا ہے۔ انہوں نے 10 برسوں میں ایٹمی توانائی سے جان چھڑانے کی قسم کھائی ہے۔