ٹوکیو: کیودو نیوز ایجنسی کی ایک رائے شماری سے اتوار کو پتا چلا کہ ان کی لبرل ڈیموکریٹک پارٹی (ایل ڈی پی) کی اقتدار میں واپسی کے بعد ایک ماہ میں وزیر اعظم شینزو ایبے کی حکومت کی حمایت 4.7 فیصد پوائنٹس کے ساتھ دو تہائی ووٹروں کی سطح پر پہنچ گئی۔
یہ اضافہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب بینک آف جاپان نے منگل کو یہ کہتے ہوئے برسوں پرانی اقتصادی کساد بازاری دور کرنے کی سب سے پُر عزم کوشش کا آغاز کیا تھا کہ وہ اگلے سال اثاثے خریدنے کے لیے لامحدود ذمہ داری کی جانب منتقل ہو جائے گا اور (ایبے کے دباؤ تلے) افراطِ زر کا ہدف دوگنا کر کے 2 فیصد کر دے گا۔
گرما میں ایوانِ بالا کے انتخاب سے قبل، 37.2 فیصد جواب دہندگان نے کہا کہ وہ ایل ڈی پی کے لیے ووٹ ڈالیں گے، جس کے بعد 12.1 فیصد نے کہا کہ وہ ٹوکیو کے سابق گورنر کی زیرِ قیادت جاپان ریسٹوریشن پارٹی (جے آر پی) کو ووٹ دیں گے۔ پچھلے ماہ اقتدار سے برخاست ہونے والی ڈیموکریٹک پارٹی آف جاپان (ڈی پی جے) 8.8 فیصد پر رہی۔