ٹوکیو: وزیر اعظم شینزو ایبے نے پیر کو بینک آف جاپان پردباؤ بڑھا دیا، اور عندیہ دیا کہ اگر ادارہ افراطِ زر کا ایک جرات مندانہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہا تو وہ اس کی آزادی کو محدود کر سکتے ہیں۔
ایبے — جنہوں نے دسمبر میں ایک بڑی انتخابی کامیابی کے بعد اقتدار سنبھالا — نے خبردار کیا کہ بی او جے کی جانب سے 2 فیصد کے ہدف کے حصول میں ناکامی “بی او جے لاء پر نظرِ ثانی” کا دروازہ کھول سکتی ہے۔
58 سالہ وزیر اعظم نے پہلے بھی خبردار کیا تھا کہ اگر بینک نے لنگڑاتی معیشت کی بحالی کے لیے ان کے نسخے — زیادہ اخراجات اور جارحانہ زری نرمی — سے اتفاق نہ کیا تو وہ اس کی آزادی کی ضمانت دینے والا قانون بدل سکتے ہیں۔
جاپان کی قدامت پسند حکومت کے زیرِ دباؤ بی او جے نے پچھلے ماہ لامحدود نرمی کے ایک منصوبے اور افراطِ زر کے ہدف پر سے پردہ اٹھایا تھا، جس کا مقصد ملک کو اس کی عرصہ دراز سے جاری تفریطِ زر کی دلدل سے باہر گھسیٹنا ہے۔