ٹوکیو: یوکوہاما کے اہلکاروں کی بدھ کو سخت سبکی کا سامنا کرنا پڑا جب انہوں نے ٹوئٹر پر 40,000 فالورز کے سامنے شمالی کوریا کے میزائل داغنے کا غلط اعلان کر ڈالا۔
ٹوکیو کے جنوب میں واقع اس شہر نے دوپہر سے ذرا قبل جلد بازی میں ایک ٹویٹ داغ دی، جس میں اعلان کیا گیا کہ “شمالی کوریا نے میزائل داغ دیا ہے” جبکہ ٹھیک وقت بتانے کے لیے خالی جگہ بھی چھوڑی ہوئی تھی۔
اہلکار کے مطابق، شہر نے قریباً 20 منٹ کے بعد ٹویٹ واپس لے لی اور @yokohama_saigai کے فالورز سے معذرت کی۔
جاپان شمالی کوریا کی جانب سے درمیانی حدِ ضرب والے میزائل کے متوقع لانچ سے قبل مکمل چوکسی کی حالت میں ہے، جبکہ پیٹریاٹ میزائل دارالحکومت میں تعینات کیے جا چکے ہیں تاکہ 30 ملین لوگوں کی حفاظت کی جا سکے۔
ٹوئٹر جاپان میں بے پناہ مقبول ہے، جہاں تصویری اور علامتی قسم کے رسم الخط پر مشتمل زبان 140 حروف کی حد کے لیے بہت موزوں ہے، جو حرفی زبانوں مثلاً انگریزی کے مقابلے میں (ایک ہی ٹویٹ میں) زیادہ معلومات سمونے کی اجازت دیتی ہے۔ (چینی اور جاپانی وغیرہ کے رسم الخط تصویری اور علامتی رسم الخط کہلاتے ہیں، جہاں عموماً لکھنے کے لیے کئی ہزار الفاظ/ حروف سیکھنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ مثلاً چینی زبان میں مرد، عورت، سورج، چاند جیسے تصورات/ چیزوں کو بیان کرنے کے لیے ایک پوری علامت موجود ہو گی جو لفظ اور حرف کے درمیان کی کوئی چیز ہے۔ مقابلتاً انگریزی اور اردو حرفی زبانیں ہیں جہاں تیس چالیس حروف سیکھے جاتے ہیں جنہیں جوڑ کر کوئی بھی لفظ لکھا جا سکتا ہے۔)