ٹوکیو: امریکی سیکرٹری آف اسٹیٹ جان کیری نے پیر کو کہا کہ اگر شمالی کوریا امن کی جانب “پُر معنی اقدامات” اٹھائے تو امریکہ اس کے ساتھ مذاکرات کرے گا، جیسا کہ دنیا دم سادھے منتظر ہے کہ آیا پیانگ یانگ اپنے بانی کی سالگرہ کو میزائل داغ کر منائے گا یا نہیں۔
تاہم کیری، جو جزیرہ نما کوریا کے بحران پر ایشیا کے دس روزہ دورے کے آخری مرحلے میں جاپان میں بات چیت کر رہے تھے، نے شمال سے پیچھے ہٹنے کی اپیل کی۔
انہوں نے کہا، “امریکہ فریب کاری ختم کرنے کے لیے مصدقہ اور قابلِ اعتبار مذاکرات کے لیے کھلا ہے،تاہم اس کا سارا بوجھ پیانگ یانگ پر ہے”۔ شمال کا خطرناک میزائل پروگرام نہ صرف شمالی کوریا کے ہمسائیوں کے لیے، بلکہ اس کی اپنی عوام کے لیے بھی خطرہ ہے۔
فروری میں شمال کی جانب سے تیسرا ایٹمی تجربہ کرنے کے بعد سے جزیرہ نما کوریا میں فوجی کشیدگی اپنے عروج پر ہے۔
کِم اِل سُنگ کی سالگرہ پر عموماً ایک بڑے فوجی پریڈ منعقد کی جاتی ہے جسے شمالی کوریا دنیا کے سامنے اپنے اسلحے کی نمائش کے لیے استعمال کرتا ہے۔