ٹوکیو: جاپان کے مصیبت زدہ فوکوشیما ایٹمی بجلی گھر کے آپریٹر نے جمعے کو کہا کہ اس نے زہریلا پانی ذخیرہ کرنے والے ٹینکوں کے نزدیک بلند تابکاری والی نئی جگہیں دریافت کی ہیں، جن میں سے ایک پر ریڈنگ 1800 ملی سیورٹس فی گھنٹہ سے زیادہ ہے، جو ممکنہ طور پر ہلاکت خیز مقدار ہو سکتی ہے۔
دو جاپانی خبر رساں اداروں کے مہیا کردہ بیان کے مطابق، ٹوکیو الیکٹرک پاور کو (ٹیپکو) نے ٹینکوں کے اطراف میں چار جگہوں پر بلند تابکاری والی ریڈنگز کا سراغ لگایا اگرچہ ٹینکوں میں پانی کی سطح میں کوئی واضح کمی نہیں آ رہی تھی۔
کیودو نیوز ایجنسی کے مطابق، تازہ ترین بلند تابکاری والی جگہیں ہفتے کو روزانہ کے معائنے کے دوران تین ٹینکوں اور انہیں تباہ حال پلانٹ سے جوڑنے والے ایک پائپ کے نزدیک پائی گئیں۔
ایجنسی نے مزید کہا، اگرچہ یہ واضح نہیں تھا کہ زیادہ تابکاری زہریلے پانی کے تازہ اخراج کی وجہ سے ہوئی یا نہیں، تاہم پائپ کے نیچے 230 ملی سیورٹس فی گھنٹہ تابکاری والے پانی کے رساؤ کے آثار پائے گئے۔
ایجنسی کے مطابق، ٹیپکو کے ایک ہلکار نے کہا کہ کمپنی ان چار جگہوں پر تابکار پانی کے نئے رساؤ کے امکانات کو نظر انداز نہیں کر سکتی، جبکہ اضافہ کیا کہ آپریٹر نے ٹینکوں کے اندر تابکار پانی کی سطح میں کوئی کمی نوٹ نہیں کی۔