ٹوکیو: 2011 کے توہوکو زلزلے اور سونامی کی تباہ کاری جلد بھلائی نہیں جائے گی۔ اگرچہ بہت سے تباہ حال علاقوں میں جاپان کے تیز رفتار ردعمل کی تصاویر یقیناً متاثر کن ہیں، تاہم یہ یاد رکھنا اہم ہے کہ آفت کا بدترین نشانہ بننے والے صوبے اب بھی بحالی کے عمل میں ہیں، جہاں شہریوں کی بہت بڑی تعداد اب بھی عارضی پناہ گاہوں میں رہ رہی ہے۔
18500 لوگوں کو ہلاک یا لاپتہ کر دینے والی توہوکو آفت کو آئے اڑھائی برس ہو چکے ہیں، اور تعمیرِ نو و بحالی کی کوششیں اپنے جوبن پر ہیں۔ پھر بھی ایواتے، میاگی، اور فوکوشیما کے صوبوں سے قریباً 290,000 لوگ بے گھروں کی پناہ گاہوں، عارضی رہائشگاہوں، یا دیگر اقسام کی پناہ گاہوں میں رہائش پذیر ہیں۔ اتنی تعداد پچھلے چھ ماہ کے دوران 25,000 کے قریب پناہ گزین کم ہونے کے باوجود موجود ہے۔