اوہی: عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ماہرین نے جمعرات کو باضابطہ اسٹریس ٹیسٹوں میں سے گزرنے والے پہلے جاپانی ایٹمی بجلی گھر کا معائنہ شروع کیا۔ یہ کلیدی اقدام فوکوشیما بحران کے بعد بند پڑے درجنوں ایٹمی ری ایکٹروں کو چلانے کے لیے ضروری ہے۔
10 اراکین پر مشتمل آئی اے ای اے ٹیم مغربی جاپانی صوبے فوکوئی میں واقع اوہی ایٹمی بجلی گھر کے نمبر 3 اور 4 ری ایکٹروں کا معائنہ کر رہی تھی۔ اس علاقے میں برفیلے بحر جاپان کے ساحل کے ساتھ ساتھ ری ایکٹروں کے 13 کمپلیکس ہیں، جو اسے ملک کے ایٹمی ری ایکٹروں کا مرکز بنا دیتے ہیں۔
مشن لیڈر جیمز لائنز نے پلانٹ کے افتتاحی دورے کے موقع پر کہا کہ ہم کانسائی الیکٹرک پاور کمپنی کی طرف سے اوہی ایٹمی بجلی گھر کی جانے والی بہتریوں اور تفصیلات کو دیکھنے کے مشتاق ہیں۔ اگرچہ ایٹمی بجلی گھر دوبارہ چلانے کے لیے قانونی طور پر مقامی آبادی کی اجازت ضروری نہیں، تاہم حکام عمومی طور پر اس معاملے میں مقامی حمایت جیتنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
وزیراعظم یوشیکو نودا نے کہا ہے کہ ایٹمی بجلی گھروں کو چلانے یا نہ چلانے کا حتمی فیصلہ سیاسی ہو گا، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ اگر جاپان کی توانائی کی ضرورت بہت زیادہ ہوئیں تو وہ مقامی سطح پر مخالفت کی پرواہ نہیں کرے گا۔