ٹوکیو: مقبول آل گرل آئڈل گروپ اے کے بی 48 آفت زدہ توہوکو ریجن کو 585,259,888 ین کا ایک اور عطیہ دے گا۔ گروپ کے اراکین نے گزشتہ ہفتے کی رات سیبو ڈوم، سائیتاما صوبے میں پرستاروں کے ساتھ ملنے ملانے کی ایک خصوصی محفل کا انعقاد کیا۔ انہوں نے اپنے نئے گانے “گِو می فائیو’ پر بھی فن کا مظاہرہ کیا۔
اے کے بی 48 نے اس سے پہلے بھی آفت زدگان کی مدد کے لیے 668,916,085 ین کا عطیہ دیا تھا۔ اس کے علاوہ گروپ نے پچھلے ستمبر سے اپنی سی ڈی کی فروخت سے حاصل شدہ آمدنی کا ایک حصہ بھی عطیے میں دیا ہے۔ یہ فنڈز آفت زدہ علاقوں میں ریڈ کراس کے ذریعے فراہم کیے جائیں گے۔
مالی تعاون کے علاوہ، گروپ کی لڑکیوں نے مارچ 2011 سے آفت زدہ علاقوں میں کئی منی کنسرٹ، پرستاروں سے ملنے ملانے اور کرسمس جیسے موسمی تہواروں کی پارٹیوں پر بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا ہے۔
سائیتاما ‘ہینڈ شیک’ ایونٹ کے موقع پر، اے کے بی 48 کی 27 سالہ رکن ماریکو شیندودا نے کہا، “ہم اپنے وسائل میں محدود ہیں، لیکن مجھے یقین ہے کہ ہم لوگوں میں یہ احساس جگا سکتے ہیں کہ توہوکو کے لوگوں کو اب بھی مدد کی ضرورت ہے۔ ہم انہیں بھولے نہیں ہیں اور ان کے لیے اپنی مدد جاری رکھیں گے۔”
اے کے بی 48 نئے طلبا کے لیے ایواتے، فوکوشیما اور میاگی کو 10 بسیں بھی مہیا کرے گا۔