ٹوکیو: ایک اہلکار نے بدھ کو کہا، جاپان کے نوبل انعام یافتہ شینیا یاماناکا ممکنہ طور پر اسٹیم سیل پر اپنی تحقیق کے لیے اگلے ایک عشرے کے دوران 30 ارب ین کی امداد حاصل کریں گے۔
ایک وزارتی اہلکار کے مطابق، سائنس و ٹیکنالوجی کی وزارت صرف اگلے مالی سال میں ہی یاماناکا کی تحقیق کی معاونت کے لیے 2.7 ارب ین کا اضافی روپیہ دینے پر غور کر رہی ہے۔
اس نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر کہا، “حکومت اس پروگرام کو اگلے 10 سال کے لیے جاری رکھنے کا منصوبہ رکھتی ہے، جبکہ ڈاکٹر یاماناکا کو دوسری سبسڈیز بھی ملیں گی”، اور مزید کہا کہ ان کے نوبل انعام کے اعلان سے قبل ہی گرانٹ کا منصوبہ بنایا جا چکا تھا۔
یاماناکا اور برطانوی جان گورڈن کو مشترکہ طور پر طب کے نوبل انعام سے نوازا گیا تھا، جبکہ ان کی دریافت کے مطابق بالغ خلیات کو نابالغ خلیات میں واپس تبدیل کیا جا سکتا ہے جنہیں اسٹیم سیل کہا جاتا ہے، اور جو باز تکوینی طب (اعضا کو دوبارہ اگانا وغیرہ) میں ایک کلیدی جزو کی حیثیت رکھتے ہیں۔
یاماناکا نے اس سے قبل اپنی تحقیق کے لیے مزید حکومتی امداد کی اپیل کی تھی، اور پچھلے سال فنڈز کے حصول کے لیے ایک چیریٹی میراتھون میں دوڑے تھے۔