جاپان ساحل کے خطے میں سلامتی، استحکام کے لیے 1 ارب ڈالر دے گا

یوکوہاما: جاپان نے اتوار کو کہا کہ وہ افریقہ کے خطے ساحل میں استحکام پیدا کرنے میں مدد کے لیے 1 ارب ڈالر دے گا، یہ بات اغوا کے ایک بحران میں 10 جاپانی شہری مرنے کے چند ہی ماہ بعد کہی گئی ہے۔

یہ رقم افریقہ کو پانچ برس کے دوران دی جانے والی 14 ارب ڈالر امداد کے پیکج کا حصہ ہے، جس کا اعلان وزیرِ اعظم شینزو ایبے نے اتوار کو ٹوکیو کی عالمی کانفرنس برائے افریقی ترقی کے افتتاح کے موقع پر کیا۔

ایبے نے قریباً 40 افریقی اقوام کے حکومتی سربراہان کو بتایا، “جاپان ساحل کی ترقی اور استحکام کے لیے معاونت کی مد میں اگلے پانچ برس کے دوران 100 ارب ین (1 ارب ڈالر) مہیا کرے گا”۔

یہ نقدی 120 ملین ڈالر کی امداد کے پیکج کے علاوہ ہے جس کا اعلان ٹوکیو نے جنوری میں کیا تھا، جب چند ہی دن قبل اسلام پسند بندوق برداروں نے الجزائری صحرا میں ایک گیس پلانٹ پر حملہ کر کے درجنوں غیر ملکیوں کو ہلاک کر دیا تھا۔

“یہ ہماری مخلصانہ خواہش ہے کہ ساحل کے خطے میں امن اور استحکام بحال ہو جائے اور وہ شمالی اور مغربی افریقہ کے درمیان خوشحالی کے مرکز کے طور پر اپنی جگہ بنائے۔” (ساحل صحرائے صحارا اور سوڈانی سبزہ زاروں کے مابین ایک علاقہ ہے جہاں کی آب و ہوا نیم بارانی ہے۔)

آپ کومنٹ میں اپنی رائے دے سکتے ہیں ۔

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.