ٹوکیو (اے ایف پی): ایک خبر کے مطابق، جاپان کے دارالحکومت میں دوکانوں سے اشیاء چراتے ہوئے پکڑے جانے والے بوڑھے افراد کی تعداد نے ریکارڈ رکھے جانے کے بعد پہلی مرتبہ کم سن چوروں کو مات دے دی۔
اعداد و شمار کے مطابق، ٹوکیو میں پچھلے برس اس جرم کے شبہے میں حراست میں لیے گئے ایک تہائی افراد کم از م 65 برس عمر کے تھے، جبکہ اس عمر کے افراد میں بڑھتی ہوئی تنہائی کے انتباہات موجود ہیں۔
ٹوکیو میٹروپولیٹن پولیس کے ایک ترجمان نے کہا، “اگرچہ دوکان سے اشیا چرانے والوں کی تعداد میں مجموعی طور پر کمی ہو رہی ہے، بوڑھے افراد کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے”۔
انہوں نے کہا، “ہمارے سروے سے ظاہر ہوتا ہے کہ بوڑھے شاپ لفٹر اکثر تنہا ہوتے ہیں، ان سے بات کرنے والا کوئی نہیں ہوتا، اور لطف اندوز ہونے کے لیے کوئی مشغلہ بھی نہیں ہوتا”۔
اعدادوشمار سے ظاہر ہوا کہ 65 برس یا زیادہ عمر والے 3,321 افراد کو حراست میں لیا گیا، جو مجموعی تعداد کا 24.5 فیصد بنتا ہے جبکہ 19 برس یا کم عمر والے افراد 23.6 فیصد بنے، جن میں 3,195 افراد حراست میں لیے گئے تھے۔