کالے جادو سے بچنے کیلئے صدر ہر روز ایک کالا بکرا ذبح کرواتے ہیں، فرحت اللہ:
اسلام آباد مصیبتوں کو دور رکھنے اور ”کالے جادو“سے بچنے کے لیے پاکستانی صدر آصف علی زرداری اپنی رہائش گاہ پر تقریباََ ہر روز ایک کالا بکرا ذبح کرواتے ہیں۔ایک رپورٹ کے مطابق ستمبر 2008ء سے اب تک سینکڑوں کالے بکروں کو قربان کیا جا چکا ہے۔صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر نے روزانہ کالا بکرا ذبح کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ عمل اسلامی روایات کے مطابق اور صدقے کے طور پر کیا جاتا ہے جس کا مقصد اللہ کی خوشنودی حاصل کرنا اور آفتوں کو دور رکھنا ہے۔ اْنھوں نے بتایا کہ صدر زرداری ایک طویل عرصے سے یہ صدقہ دیتے آ رہے ہیں۔ پاکستانی انگریزی اخبار کی خبر میں کہا گیا ہے کہ مذہب کیلئے اس ”نئے لگاوٴ“ کو مخالفین دراصل بڑھتے ہوئے سیاسی مسائل کے سبب پاکستانی صدر کی بوکھلاہٹ سمجھ سکتے ہیں۔