فوکوشیما ڈائچی ایٹمی پلانٹ پر جاپان کے پیدا شدہ ایٹمی بحران سے نمٹنے کے لیے قائم کردہ باڈی نے اپنی میٹنگوں کا کوئی ریکارڈ نہیں رکھا؛ یہ بات پیر کو ایک اہلکار نے بتائی۔
حکومت کی ایٹمی بحران کی ٹاسک فورس، جس کے سربراہ اس وقت کے وزیر اعظم ناؤتو کان اور اراکین میں تمام وزرا شامل تھے، کی میٹنگوں کے کسی قسم کے منٹس (رسمی ریکارڈ) دستیاب نہیں جن کے ذریعے تباہ ہونے والے ری ایکٹروں کے نزدیک رہنے والے لوگوں کے انخلا کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
ایٹمی اور صنعتی سیفٹی ایجنسی، جس نے 11 مارچ کو قائم کی جانیوالی اس ٹاسک فورس کے سیکرٹریٹ کا کام کیا ہے، نے کہا کہ اس نے میٹنگوں کے کوئی منٹ ریکارڈ نہیں کیے۔ اسی ٹاسک فورس نے اس علاقے سے کھانے پینے کی اشیا پر پابندی لگانے کا فیصلہ بھی کیا تھا۔
یہ تصدیق اس وقت سامنے آئی ہے جب این ایچ کے نے اتوار کو کہا تھا کہ اہلکاروں کے بہت زیادہ مصروف ہونے کی وجہ سے ایجنسی تبادلہ خیال اور فیصلہ سازی کے عمل کو ریکارڈ کرنے میں ناکام رہی ہے۔