ٹوکیو: تباہ حال فوکوشیما ایٹمی بجلی گھر کے گرد واقع داخلہ بند علاقے کی آٹھ میں سے تین میونسپلٹیوں کے مئیروں نے وزیر ماحولیات گوشی ہوسونو اور وزیر برائے تعمیر نو تاتسوؤ ہیرانو کے ساتھ ہفتے کو ہونے والی میٹنگ میں شرکت سے انکار کر دیا۔
یہ میٹنگ، جسے بعد میں منسوخ کر دیا گیا، اس لیے بلائی گئی تھی تا کہ ہوسونو، جو ایٹمی بحران سے نمٹنے کے انچارج وزیر بھی ہیں، اور ہیرانو 8 مئیروں کو مرکزی حکومت کے منصوبے سے آگاہ کر سکیں کہ تابکار مٹی اور دوسرے تابکار ملبے کو کیسے عارضی طور پر ذخیرہ کیا جائے گا۔
فوتوبا، نامیے اور ہیرونو کے قصبوں کے مئیر میٹنگ سے دور رہے۔
دسمبر میں حکومت نے تجویز پیش کی تھی کہ 20 کلومیٹر کے داخلہ بند علاقے میں خالی پڑی زمین کے بڑے قطعے خریدے جائیں تاکہ وہاں تابکار مٹی اور دوسرا تابکار ملبہ ذخیرہ کرنے کے لیے عارضی ذخیرہ گاہیں تعمیر کی جائیں۔
یہ ملبہ اور فضلہ ابتدائی طور پر تین سال کے لیے کم مدتی ذخیرہ گاہوں میں ذخیرہ کیا جائے گا جبکہ اس کے بعد حکومت 30 سال تک انہیں محفوظ کرنے کے لیے بڑے ذخیرہ گھر تعمیر کرے گی۔