جاپان 3 ماہ کے اندر نئی ایٹمی نگران باڈی حاصل کر لے گا

ٹوکیو: دائت کے ایوان زیریں کی جانب سے مہینوں کے التوا کے بعد منظور ہونے والے ایک نئے قانون کے مطابق، جاپان ستمبر تک نیا ایٹمی نگران ادارہ قائم کر دے گا، جو پچھلے سال کی ایٹمی آفت کے بعد حفاظتی اقدامات بہتر بنانے اور عوامی اعتماد بحال کرنے کی مہم کا حصہ ہے۔

2011 میں فوکوشیما بحران نے نگران اداروں، سیاستدانوں اور یوٹیلیٹی کمپنیوں -جنہں جاپان کا “ایٹمی گاؤں” کہا جاتا ہے- کے مابین دوستانہ تعلقات پر تلخ انداز میں روشنی ڈالی تھی، جس کے بارے میں ماہرین کہتے ہیں کہ یہ بھی اس بحران کو پیدا کرنے کے اسباب میں سے ایک تھا، جو پلانٹ کو تباہ کرنے اور پگھلاؤ کا سبب بننے والے بڑے زلزلے و سونامی سے پیدا ہوا۔

تاہم یہ قانون سازی فوراً ہی تنقید کی زد میں آ گئی کہ بادی النظر میں یہ حکومت کے اس وعدے کو کمزور کرتی ہے جس کے تحت 40 سال بعد ری ایکٹروں کو فارغ کر دیا جائے گا، اگرچہ وہ ایٹمی توانائی کا کردار کم کرنے کے لیے ایک توانائی پروگرام کا مسودہ بھی تیار کر رہی ہے۔

کئی ماہ کی تکرار کے بعد حکمران اور اپوزیشن جماعتوں میں ہونے والے ایک معاہدے کے تحت، نیا ریگولیٹری کمیشن ری ایکٹروں کی عمر 40 سال تک محدود کرنے کے ضابطے پر نظر ثانی کر سکتا ہے۔

 

آپ کومنٹ میں اپنی رائے دے سکتے ہیں ۔

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.