ٹوکیو: جاپان نے پیر کو یونان میں بچت کی حامی پارٹیوں کی فتح کے بعد اس پر زور دیا کہ وہ جلد از جلد کابینہ تشکیل دے، اور یورپی لیڈروں سے بھی کہا کہ وہ “فوری” طور پر علاقے کے مالیاتی شعبے کو مضبوط بنائیں۔
اتوار کے انتخابات میں قدامت پرست نیو ڈیموکریسی پارٹی کی بیل آؤٹ مخالف سیریزا گروپ کے مقابلے میں بال بال جیت کے بعد مالیاتی منڈیوں نے پیر کو سکھ کا سانس لیا تھا، جس سے ایتھنز کے یورو زون سے اخراج کے خدشات کم ہوئے ہیں۔
تاہم حکومت کے اعلی ترین ترجمان چیف کیبنٹ سیکرٹری اوسامو فوجیمورا نے کہا کہ جاپان ایتھنز اور یورپی لیڈروں سے نتائج پر کام کرنے کا خواہشمند ہے۔
لاس کابوس، میکسیکو میں جی 7 کے وزرائے خزانہ کی میٹنگ سے خطاب کے بعد جاپانی وزیر خزانہ جون ازومی نے کہا: “یونان کے سیاسی خطرات ابھی دور کیے جانے باقی ہیں، تاہم میرا خیال ہے یونانیوں نے ایک بڑے خطرے پر قابو پا لیا ہے۔”
یورپ جاپانی مصنوعات کی بڑی منڈی ہے اور ٹوکیو یورو زون کے بانڈز کا قابل ذکر خریدار، جس کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ جاپان کی معاشی طور پر نازک بحالی یورپی براعظم کے ساتھ بری طرح جڑی ہوئی ہے۔
“ممالک کو مارکیٹوں میں آنے والے عدم استحکام کو روکنے کے لیے تعاون کرنا چاہیے اور ہمیں امید ہے کہ جی 20 کے لیڈران لاس کابوس کے سمٹ کے ذریعے ایک مضبوط پیغام دیں گے،” حکومتی ترجمان نے کہا۔