ٹوکیو: اسمارٹ فون اور دوسرے گشتی آلات کے صارفین، جو ہر وقت بیٹریوں کی وجہ سے پریشان رہتے ہیں کہ جو ایک دن بھی نہیں نکالتیں، کے لیے ایک خوشخبری ہے۔ ایک نئی قسم کی توانائی بچاؤ میموری کامیابی سے تیار کر لی گئی ہے جو آپ کی بیٹری کی زندگی 5 سے 10 گنا تک بڑھا سکتی ہے۔
عام میموری “سیلز” کے سلسلے کے طور پر کام کرتی ہے جن میں سے ہر ایک میں 0 یا 1 کی صورت میں ثنائی قدرمحفوظ ہوتی ہے جسے کچھ بجلی درکار ہوتی ہے۔ اس نظام کے ساتھ مسئلہ یہ ہے کہ اس میں سیل اس انداز میں ترتیب شدہ ہوتے ہیں کہ ہر بار معلومات کی عمل کاری کے دوران تمام سیلوں سے بجلی گزرنا لازمی ہو جاتا ہے۔ بہت سے اعمال کے لیے یہ عمل بجلی کے بہت بڑے ضیاع کا سبب بنتا ہے۔
تاہم، اب توہوکو یونیورسٹی کے ایک تحقیقی گروہ نے ایسا طریقہ دریافت کیا ہے جس کے ذریعے بجلی صرف ان سیلوں کو بھیجی جا سکے گی جن کی معلومات پر عمل کاری کرنا ہو گی۔ اس کے نتیجہ میں بجلی بچے گی اور بیٹری کی زندگی بھی بڑھ جائے گی۔