لاس کابوس، میکسیکو: دنیا کے رہنماؤں نے منگل کو جی 20 کے سمٹ کے موقع پر تجارتی رکاوٹیں کھڑی نہ کرنے کے وعدے کو ایک سال کے لیے توسیع دے دی۔ آخری منٹ میں ہونے والے اس معاہدے سے تحفظِ تجارت پر پائے جانے والے گہرے اختلافات کا اظہار ہوتا ہے۔
عالمی لیڈروں کی کوششوں کے حصے کے طور پر عالمی شرح نمو بڑھانے کے لیے 2014 کے آخر تک تحفظِ تجارت کے نئے اقدامات نہ کرنے کا معاہدہ جی 20 کے حتمی اعلامیے میں شامل کیا گیا۔
میکسیکو کے صدر فلیپی کالڈیرون نے کہا کہ اس پر کامیابی حاصل کرنا مشکل تھا اور یہ بحر الکاہل کے تفریحی مقام لاس کابوس پر منعقدہ دو روزہ مذاکرات کے آخری وقت میں جا کر منظور ہو سکا۔
“کچھ ممالک کی جانب سے مزاحمت کا سامنا تھا لیکن ہم نے اتفاق رائے حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کر ہی لی اور ایک معاہدے پر پہنچنے میں کامیاب رہے،” انہوں نے میٹنگ کے بعد ایک نیوز کانفرنس کو بتایا۔