اردو نیٹ نامی جاپان کی ایک سائٹ کی خود ستائیشی تقریب ،

مدیرِ اُردونیٹ محمد زبیر کیجانب سے سفارتخانہ ٔ پاکستان کے پریس کاٶنسلر جان عالم آفریدی کے اعزاز میں ظہرانہ
نئے پریس کاٶنسلر ڈاکٹر رفیق سومروکا پرتپاک خیرمقدم ، پاکستانی برادری کی اہم شخصیات کی شرکت
جان عالم آفریدی کمیونٹی کیساتھ رہے اور سب سے محبّت کیساتھ ملتے تھے : کمیونٹی ارکان کا خراجِ تحسین
کاش زبیر کی طرح اور بھی کوئی صحافی ہوتے ،زبیر غیر جانبدار انسان ہے : جان عالم آفریدی
پشتو میں ایک شعر ہے کہ سفرالگ الگ ہے لیکن منزل ایک ہی: جان عالم آفریدی
جاپان کا سب سے پہلا اُردواخبار زبیر صاحب نے نکالا جس کے بعد کمیونٹی کے رابطے اور رشتے مضبوط ہوئی: نعیم خان
اُردونیٹ نہ صرف جاپان بلکہ پاکستان اور دنیا بھر کی خبریں فراہم کرتا ہے ،کسی اور اخبار کو پڑھنے کی ضرورت نہیں رہتی: میاں عاصم
نعیم خان ، چوہدری ارشاد احمد ، میاں عاصم رضا ، رانا ابرار حسین ، شاہد مجید ، عبدالرحیم آرائیں کا جان عالم آفریدی کو خراجِ تحسین
(ٹوکیو۔۰۲ جون ۲۱۰۲ء ۔رپورٹ: شاہد مجید)  مدیرِ اُردونیٹ اور جاپان میں سینئیر پاکستانی صحافی محمد زبیر نے جاپان ۔پاکستان پریس کلب اور اُردونیٹ کیجانب سے سفارتخانہ ٔ پاکستان کے سبکدوش ہونیوالے پریس کاٶنسلر جان عالم آفریدی کے اعزاز میں ایک شاندار ظہرانہ کا اہتمام کیا جسمیں نئے پریس کاٶنسلر ڈاکٹر رفیق سومرو کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا ۔ٹوکیو میں منعقدہ ظہرانہ میں پیپلز پارٹی جاپان کے صدر چوہدری ارشاد احمد ، جنرل سیکریٹری شاہد مجید، عوامی نیشنل پارٹی جاپان کے صدر نعیم خان ، مُسلم لیگ نواز کے صدر رانا ابرار حسین ، پاکستان ایسوسی ایشن جاپان (رجسٹرڈ) کے جنرل سیکریٹری وسینئیر پاکستانی ملک حبیب الرحمٰن، پاکستان ایسوسی ایشن جاپان (رجسٹرڈ) کے سابقہ صدر عبدالرحیم آرائیں ، مُسلم لیگ نواز شریف جاپان کے صدر میاں عاصم رضا، معروف کالم نگار ظہیر دانش ، تحریکِ انصاف جاپان کے رہنما چوہدری رزاق، شاعرِ جاپان محبوب نجمی اور دیگر احباب نے شرکت کی ۔محمد زبیر ، میاں عاصم رضا اور چوہدری رزاق نے جان عالم آفریدی اور سفارتخانہ ٔ پاکستان کے نئے پریس کاٶنسلر ڈاکٹر رفیق سومرو کو پھولوں کے گلدستے پیش کئے جبکہ چوہدری ارشاد احمد ، شاہد مجید اور ذوالفقار صاحب نے اُنہیں تحائف پیش کئے ۔تمام شُرکاء نے نشستوں سے کھڑے ہوکر جان عالم آفریدی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے خداحافظ کہا اور ڈاکٹر رفیق سومرو کو نشستوں سے کھڑے ہوکر تالیاں بجاتے ہوئے خوش آمدید کہا گیا ۔مدیرِ اُردونیٹ محمد زبیر نے افتتاحی کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ جان عالم آفریدی صاحب جس وقت جاپان آئے وہ ایک بہت مشکل وقت تھا ، اِن سے قبل سفارتخانہ پاکستان کے پریس کاٶنسلر سردار عبدالواحد خان صاحب تھے جنہوں نے جاپانی ذرائع ابلاغ میں بہت محنت کی اور اُس تسلسل کو برقرار رکھنا بہت مشکل اور چیلنجنگ کام تھالیکن الحمد للہ جان عالم آفریدی صاحب نے اُس تسلسل کو جاری رکھا اور تین سال کا وقت گزارا اور اللہ تعالیٰ انہیں عزت کیساتھ یہاں سے لیجارہا ہے ۔محمد زبیر نے سفارتخانہ ٔ پاکستان کے نئے کاٶنسلر ڈاکٹر رفیق سومرو کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ جاپان میں پاکستان کی سفارتکاری ، جاپانی ذرائع ابلاغ میں پاکستان کیلئے کام کرنے اورپاکستانی مٶقف کو پہونچانے کیلئے مجھ سمیت ہمارے جتنے بھی یہاں پر دوست ہیں اُنکی خدمات، تعاون اور وقت آپ کو حاصل رہیگا ۔اُنہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان اور جاپان کے سفارتی تعلقات کی ساٹھویں سالگرہ منائی جارہی ہیں ، سفیر پاکستان نے شاندار استقبالیہ دیا تھا اور حال ہی میں پاکستان بازار کا اہتمام کیا گیا اور ہم اِسی سال پاکستان کی تین تصاویری نمائش کااہتمام بھی کرینگے ۔رانا ابرار حسین ، میاں عاصم رضا ، نعیم خان ، چوہدری ارشاد احمد ، شاہد مجید ، چوہدری رزاق، عبدالرحیم آرائیں ، ظہیر دانش ، محبوب نجمی اور دیگر شرکاء نے فرداً فرداً جناب جان عالم آفریدی کا اُنکی خدمات پر شکریہ ادا کیا اور پاکستانی کمیونٹی سے اُنکے برادرانہ اور مساویانہ طرزِ عمل کو بھرپور انداز میں سراہا ۔اِسی طرح تمام شُرکاء نے نئے پریس کاٶنسلر ڈاکٹر رفیق سومرو کو گرمجوشی سے خوش آمدید کہتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ وہ بھی کمیونٹی کیساتھ ملک جلکر چلیں گے ۔نعیم خان ، میاں عاصم رضا ، چوہدری ارشاد احمد ، شاہد مجید اور ملک حبیب الرحمٰن سمیت تمام شُرکاء نے اُنہیں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ۔مُسلم لیگ نوازشریف جاپان کے صدر میاں عاصم رضا ، نعیم خان اور ملک حبیب الرحمٰن نے جاپان میں اُردونیٹ کی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی اور مدیرِ اُردونیٹ محمد زبیر کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ۔نعیم خان  نے کہا کہ گزشتہ سال زلزلہ اور تسُونامی کے بعد اُردونیٹ نے نہ بھرپور کوریج کی اور حقیقی خبریں لوگوں تک پہونچائیں بلکہ زبیر صاحب خود متاثرہ علاقوں میں گئے اور رضاکارانہ کام بھی کئے ۔اُنہوں نے کہا کہ جاپان کا سب سے پہلا اُردواخبار زبیر صاحب نے نکالا تھا جس کے بعد کمیونٹی کے رابطے اور رشتے مضبوط ہوئے ۔میاں عاصم رضا نے کہا کہ اُردونیٹ ہمیں نہ صرف جاپان ، بلکہ پاکستان اور دنیا بھر کی خبریں فراہم کرتا ہے اور اِسے پڑھنے کے بعد کسی اور اخبار کو پڑھنے کی ضرورت نہیں رہتی ۔اُنہوں نے کہا کہ پاک شِمبن جو جاپان کا سب سے پہلا اخبار تھا اُس کے ذریعے ہمیں جاپان کے دیگر علاقوں میں رہنے والے پاکستانیوں کی خبریں ملتی تھیں اور اُردونیٹ نے کمیونٹی کو ایک کرنے میں اہم کردار ادا کیا ۔
سفارتخانہ پاکستان کے سبکدوش ہونیوالے پریس کاٶنسلر جان عالم آفریدی نے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سب سے پہلے مدیر اُردونیٹ محمد زبیر سے اظہارِ تشکّر کرتے ہوئے تمام شُرکاء کی دور دور سے آمد پر اُن کا بھی شکریہ ادا کیا ۔اُنہوں نے کہا کہ میں زبیر کا شکر گزار ہوں کہ اُنہوں نے تمام جماعتوں کے عہدیداروں اور نمائندوں کو اکٹھا کیا ،یہ بہت اچھی بات ہوئی کہ جاتے جاتے آپ لوگوں سے ملاقات ہوگئی۔جان عالم آفریدی نے کہا کہ حکومت کا ہر آدمی سرکاری ملازم ہے ، ہم آپکے ملازم ہیں ، ہمیں جو تنخواہیں ملتی ہیں وہ آپ کے پیسے سے ملتی ہیں ، ہم آپکے افسر نہیں ملازم ہیں ، ہم آپکی خدمت کیلئے ہیں اور اگر یہ نہیں کرینگے تو ہم بے ایمانی کرینگے ، اللہ کی مخلوق کیلئے آسانی پیدا کریں ۔جان عالم آفریدی نے اُردونیٹ اور مدیرِ اُردونیٹ محمد زبیر کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اُردونیٹ کے بارے میں اتنا کہوں گا کہ جب سے میں آیا ہوں اُردونیٹ نے اخلاق سے گری ہوئی کوئی بات نہیں کی، اِنہوں نے ہمیشہ کمیونٹی کو اکٹھّا کیا ہے اورغیر جانبدار رہا ہے ۔جناب جان عالم آفریدی نے جاپان میں سینئیر پاکستانی صحافی محمد زبیر کی بطورِ صحافی پیشہ ورانہ خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کاش زبیر کی طرح اور بھی کوئی صحافی ہوتے لیکن بدقسمتی سے نہیں ہیں ، زبیر وہ واحد صحافی ہے جو پاکستان کو جاپانی میڈیا میں متعارف کروانے میں بہت مدد گار ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ آساہی شمبن نہ صرف جاپان بلکہ دنیا کابڑا اخبار ہے ، زبیر نے اسمیں عراق میں امریکانے جو کیمیکل استعمال کئے اُس کے بارے میں لکھا ہے ، این ایچ کیساتھ کام کرتے ہیں ، اسمیں انکی خدمات قابل ستائش ہیں ۔جان عالم آفریدی نے کہا کہ گزشتہ سال ۱۱مارچ کی تسُونامی میں زبیر صاحب نے کمیونٹی کو بیدار کیا ،ہماری وزیر خارجہ جاپان آئی تھیں، وزیر اعظم نودا سے ملاقات ہوئی تو وزیراعظم نے بھی پاکستانی رضاکاروں کی خدمات کا شکریہ ادا کیا ،سب سے پہلے پاکستانی متاثرہ علاقے سیندائی پہونچی۔پاکستانیوں نے کیمپ چلائے ،اسمیں (زبیر) کا بہت کردار ہے ۔اُنہوں نے حاضرین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شاید آپ کو معلوم نہ ہو کہ زبیر صاحب نے ایسے کام کئے جو سفارتخانہ کو کرنا چاہئیے تھا ، اُنہوں نے جاپان میں پہلی مرتبہ تصاویری نمائش کی، اور اب تین نمائشیں اور کررہے ہیں ۔جناب آفریدی نے کہا کہ یہ ہمیں کرنا چاہئیے تھا لیکن آپ جانتے ہیں کہ ہمارے پاس فنڈز نہیں ہیں ،یہ بے لوث خدمت ہی۔اُنہوں نے تمام پاکستانیوں کی یکجہتی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہاں پر(جاپان میں) پیپلز پارٹی جاپان اور مسلم لیگ ن ہے ، ہمارے پشتو میں ایک شعر ہے کہ سفرالگ الگ ہے لیکن منزل ایک ہے ۔یہ اپنا پیسہ اور ٹائم لگاتے ہیں ، لوگوں کی خدمت کرتے ہیں ۔آخر میں جان عالم آفریدی صاحب نے محمد زبیر اور تمام شُرکاء سے ایک مرتبہ پھر اظہارِ تشکّر کیا ۔تقریب کے شُرکاء نے جناب جان عالم آفریدی کو اپنی نشستوں سے دو مرتبہ اُٹھکر خراجِ تحسین پیش کیا اور اِسی طرح نشستوں سے کھڑے ہوکر نئے پریس کاٶنسلر ڈاکٹر رفیق سومرو کو بھی خوش آمدید کہا ۔

آپ کومنٹ میں اپنی رائے دے سکتے ہیں ۔

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.