ٹوکیو: حکومتی اور اپوزیشن بلاک میں ٹیکس بڑھانے پر ہونے والے غیر معمولی اتفاق رائے کے بعد، جمعرات کو حکومت نے دائت کا سیشن 8 ستمبر تک بڑھا دیا تاکہ کنزمپشن ٹیکس دوگنا کرنےا ور دوسرے اہم بلوں پر قانون سازی کو عملی شکل دینے کے لیے مناسب وقت میسر آ سکے۔
حکمران ڈیمو کریٹک پارٹی آف جاپان (ڈی پی جے) نے کہا کہ وہ ٹیکس اور سوشل سیکیورٹی اصلاحات پر دو بل اگلے منگل کو ایوان زیریں میں رائے شماری کے لیے جمع کروائے گی۔
تاہم، ڈی پی جے کے سابقہ لیڈر اچیرو اوزاوا نے بلوں کے خلاف ووٹ دینے کا عندیہ دیا اور اپنے پیروکاروں کو بھی ایسا ہی کرنے کو کہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ لگتا ہے ڈی پی جے کے آئیڈیل غائب ہو گئے ہیں۔
اوزاوا نے یہ عندیہ بھی دیا کہ ایوان زیریں میں رائے شماری کے بعد وہ ڈی پی جے چھوڑ کر نئی جماعت بنانے کا سوچ سکتے ہیں۔