ماسکو: پیر کو ایک مقامی نیوز ایجنسی نے نامعلوم ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ روسی وزیر اعظم دمیتری میدیوف جولائی میں چار کوریل جزائر میں سے سب سے بڑے جزیرے کا دورہ کریں گے جن کی ملکیت پر جاپان کے ساتھ تنازع پایا جاتا ہے۔
ساکھالِن ڈاٹ انفونامی نیوز ایجنسی نے اپنی ویب سائٹ پر کہا، “2 جولائی کو وزیر اعظم ولادی ووستوک کو پرواز کریں گے، اور اس کے بعد ساکھالین جزیرے اور ایتورپ پر جائیں گے، جسے جاپان میں ایتورفو کے نام سے جانا جاتا ہے”۔
نومبر 2010 میں جب وہ صدر کے عہدے پر فائز تھے، میدیوف نے کوریلز کا دورہ کرنے والا پہلا روسی لیڈر بن کر ٹوکیو کو مشتعل کر دیا تھا۔ ان جزائر کو جاپان میں سرکاری طور پر شمالی علاقہ جات کہا جاتا ہے۔
دونوں ممالک نے کبھی بھی باضابطہ طور پر امن معاہدے پر دستخط نہیں کیے چونکہ جاپان ان جزائر پر اپنی ملکیت کا دعوی کرتا ہے، جن پر دوسری جنگ عظیم کے آخر میں جاپان کے ہتھیار ڈالنے کے بعد سے روس کا تسلط ہے۔