ٹوکیو (اے ایف پی): جاپان نے اتوار کو کئی سولر انرجی پارکس کا افتتاح کیا جب ایک نیا قانون نافذ ہوا ہے جس کے تحت کمپنیاں قابل تجدید توانائی کو مقررہ نرخوں پر لازمی طور پر خریدیں گی، تاکہ ایٹمی توانائی کے متبادلات کو فروغ مل سکے۔
یہ افتتاح اسی روز ہوا ہے جب انجینئروں نے ایک ایٹمی ری ایکٹر کو دوبارہ چلانا شروع کیا، اگرچہ فوکوشیما پگھلاؤ کے بعد عوام میں اس پر احتجاج بڑھ رہا ہے، اور اسی وجہ سے دو ماہ تک جاپان ایٹمی توانائی سے پاک رہا۔
مغربی جاپان میں کیوتو میں ایک نیا شمسی مرکز کھلا، جبکہ کئی میونسپلٹیوں نے بھی شمسی سیلوں کی تنصیب شروع کر دی ہے جو سینکڑوں ہزاروں گھرانوں کو بجلی فراہم کرنے کے قابل ہوں گے۔
جاپانی ٹیلی کمیونیکیشنز سافٹ بینک کے چیف ماسایوشی سون، جو پچھلے سال زلزلے و سونامی کی وجہ سے ایٹمی بجلی گھر کے کولنگ سسٹم فیل ہونے کے بعد سے اس کے مخالف ہیں، نے کہا کہ کمپنی جاپان میں 11 شمسی یا پون بجلی کے مراکز لگانا چاہتی ہے۔
حکومت کا تخمینہ ہے کہ اس سال جاپان قابل تجدید توانائی سے 2500 میگا واٹ بجلی حاصل کر سکے گا، جو دو درمیانے درجے کے ایٹمی ری ایکٹروں کی پیداوار کے برابر ہے۔