ایواکونی: امریکی فوجی طیارے اوسپرے پیر کو علی الصبح جاپان پہنچ گئے جبکہ مقامی رہائشیوں نے حالیہ حادثات سے اٹھنے والے حفاظتی خدشات کی بناء پر ریلی نکالی۔
اگرچہ جاپان کی مقامی حکومتوں کے پاس قانونی طور پر امریکی طیاروں کی تعیناتی مستردکرنے کا کوئی اختیار موجود نہیں، تاہم اوکی ناوا کے باشندوں کی شدید ناراضگی سے وزیر اعظم یوشیکو نودا کی عوامی حمایت میں مزید کمی آ سکتی ہے۔ امریکی فوج اکتوبر سے اوکی ناوا میں مکمل طور پر اوسپرے طیارے تعینات کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، اگرچہ جزیرہ جاتی زنجیر کے گورنر نے حفاظتی خدشات کی بناء پر اس منصوبے کو مسترد کر دیا ہے۔
اوسپرے پر خدشات اس وقت پیدا ہوئے جب دونوں ممالک نے رواں برس کے شروع میں ایک معاہدہ کیا جس کے تحت امریکہ اپنے نو ہزار میرین فوجیوں کو جاپان سے باہر منتقل کر دے گا۔ اس سارے سیٹ اپ کا مقصد جاپان میں امریکی فوجیوں کی موجودگی پر ٹوکیو کے ساتھ تعلقات میں بہتری لانا تھا۔
یہ طیارہ 1990 کے ابتدائی برسوں میں مسائل کا شکار رہا، اور امریکی فضائیہ کے سی وی 22 اوسپرے جون میں فلوریڈا میں کریش ہو گیا جس سے عملے کے پانچ اراکین زخمی ہو گئے۔
ایواکونی کے مئیر کے ساتھ ساتھ نودا کی ڈیموکریٹک پارٹی آف جاپان کے تین اراکین نے اوسپرے کی تعیناتی پر مخالفت کا اظہار کیا ہے۔