ٹوکیو: فائر اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی نے اطلاع دی کہ جمعرات کو پورے جاپان میں جھلسا دینے والی گرمی کی لہر کی وجہ سے چار لوگ ہلاک اور 916 ہسپتال میں داخل ہو گئے۔
جاپانی موسمیاتی ایجنسی نے کہا کہ ملک بھر میں 682 مقامات پر درجہ حرارت 30 درجے، اور 111 مقامات پر 35 درجے سے اوپر جا پہنچا۔ جمعرات کو سب سے زیادہ درجہ حرارت تاجیمی، صوبہ گیفو میں 38 درجے تھا۔ صوبہ مئیے میں پارہ 37.8 درجے، شیزوؤکا میں 37.5 اور ٹوکیو میں 35.4 تک جا پہنچا۔
چار اموات بالترتیب ہیوگو (1)، سائتیاما (1) اور یاماگوچی (2) کے صوبوں میں ریکارڈ کی گئیں۔
موسمیاتی ایجنسی نے کہا ہے گرمی کی لہر اگلے ہفتے تک جاری رہنے کا امکان ہے اور اس نے اگست و ستمبر کے لیے اوسط سے زیادہ درجہ ہائے حرارت کی پیشن گوئی کی۔
فائر اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی لوگوں کو زیادہ مقدار میں پانی پینے، زیادہ نمکیات لینے، کمروں کا ہوادار ہونا یقینی بنانے اور ائیر کنڈیشن استعمال کرنے پر زور دے رہی ہے۔