سان فرانسسکو: ایپل کا کہنا ہے کہ آئی فون اور آئی پیڈ کے لیے اس کے سافٹویر کے نئے ورژن میں گوگل انکارپوریشن کی مقبول ویڈیو سائٹ کی ایپ پہلے سے شامل نہیں ہو گی۔
اس سال کے شروع میں ایپل نے کہا تھا کہ وہ اپنے موبائل آلات سے گوگل میپ سافٹویر نکال باہر کرے گا۔
گوگل، جو دنیا کا نمبر ایک سرچ انجن ہے، اپنے اینڈرائڈ آپریٹنگ سسٹم کے ذریعے دنیا کے مقبول ترین اسمارٹ فون سافٹویر کا خالق بھی ہے۔
تجزیہ نگاروں کا خیال ہے کہ گوگل اپنی اشتہارات سے کمائی گئی آمدن کا خاصا حصہ آئی فون صارفین سے اکٹھا کرتا ہے۔
ایپل کے موبائل سافٹویر سے یو ٹیوب کے اغیاب کی خبر ایسے وقت سامنے آئی ہے جب پیر کو ایپل نے آئی او ایس 6 سافٹویر کا آزمائشی ورژن جاری کیا ہے، جس میں پہلی بار یوٹیوب ایپ شامل نہیں تھی۔
گوگل نے ایک بیان میں کہا کہ وہ “آئی او ایس صارفین کے لیے یوٹیوب کے ہر ممکن بہترین تجربے کو یقینی بنانے کے لیے” ایپل کے ساتھ کام کر رہا ہے۔