ٹوکیو: وزیر اعظم یوشیکو نودا بدھ کو اپنا لاڈلا کنزمپشن ٹیکس بڑھانے کا منصوبہ بچانے کی جد و جہد کر رہے تھے جب مرکزی اپوزیشن جماعت نے عام انتخابات کا اعلان نہ کرنے کی صورت میں اپنی حمایت واپس لے لینے کی دھمکی دے دی۔
اگر ایوان بالا بدھ کو اس قانون سازی پر حتمی رائے شماری کروا دیتا تو نودا عرصہ دراز سے سیلز ٹیکس دوگنا کرنے اور جاپان کے بجٹ میں موجود خلا کو پر کرنے کی کوشش میں کامیاب ہوتے دکھائی دے رہے تھے۔
تاہم اپوزیشن لبرل ڈیموکریٹک پارٹی (ایل ڈی پی) کی جانب سے سیاسی جوڑ توڑ نے نودا کو مجبور کر دیا کہ وہ قانون کی منظوری کے بعد “مستقبل قریب میں” انتخابات کا وعدہ کریں۔
نودا، جو سابقہ وزیر خزانہ ہیں، نے کنزمپشن ٹیکس میں 5 فیصد اضافے کے لیے اپنا سیاسی کیرئیر داؤ پر لگا دیا ہے جسے ماہرین نے جاپان کے پہاڑ جیسے حکومتی قرضے کو کم کرنے کی جانب ایک دانش مندانہ اقدام کہہ کر خراج تحسین پیش کیا تھا۔
یہ اقدام طاقتور ایوان زیریں نے ایل ڈی پی اور اس کی چھوٹی اتحادی جماعت نیو کومیتو کی مدد سے جون میں پاس کر دیا تھا، جب نودا اپنی پارہ پارہ ہوتی ڈیموکریٹک پارٹی آف جاپان (ڈی پی جے) سے باغیوں کو نکال باہر کر رہے تھے۔