سان فرانسسکو: معاملے سے آگاہ ذرائع کے مطابق، گوگل انک کے سی ای او لیری پیج اور ایپل کے سی ای او ٹِم کُک حقوق دانش سے متعلق معاملات کے ایک سلسلے پر پسِ پردہ مکالمہ کر رہے ہیں، جن میں دونوں کمپنیوں کے مابین موبائل پیٹنٹ سے متعلق جاری تنازعات بھی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق، دونوں اعلی عہدیداران نے پچھلے ہفتے ٹیلی فون پر گفتگو کی تھی۔
ایک ذریعے کے مطابق، ممکنہ طور پر ایک زیرِ غور منظر نامہ یہ ہو سکتا ہے کہ گوگل کے اینڈرائڈ موبائل سافٹویر کی بنیادی خصوصیات و فنکشنز سے متعلق تنازعات پر عارضی صلح کر لی جائے۔ تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ آیا پیج اور کُک دونوں کمپنیوں کے مابین مختلف تنازعات -جو زیادہ تر نوزائیدہ موبائیل کمپیوٹنگ کے شعبے سے متعلق ہیں- کے وسیع پیمانے پر تصفیے پر بات چیت کر رہے ہیں یا معاملات کی زیادہ محدود تعداد پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔ گوگل کا اینڈرائڈ سافٹویر، جس پر ایپل کے مرحوم بانی اسٹیو جابز نے “چوری شدہ مصنوعہ” کا الزام لگایا تھا، دنیا کا نمبر 1 اسمارٹ فون آپریٹنگ سسٹم بن چکا ہے اگرچہ اس نے خود کو استعمال کرنے والے ہارڈوئیر ساز اداروں، بشمول سام سنگ اور گوگل کے موٹرولا یونٹ، کو پیٹنٹ کی خلاف ورزی کے مقدمات میں الجھایا ہوا ہے۔