فرینکفرٹ: جرمن کسٹم اہلکاروں نے ہفتے کو کہا کہ ایک جاپانی پیشہ ور موسیقارہ سے ڈیوٹی ادا نہ کرنے کے باعث ضبط کیا گیا 1.2 ملین ڈالر کا وائلن اسے واپس کر دیا جائے گا۔ کسٹم اہلکاروں نے کہا کہ بیلجیئم میں رہنے والی یازوکو ہوریگومی کو کسی قسم کا ٹیرف یا جرمانہ نہیں بھرنا پڑے گا۔
16 اگست کو بیلجیم میں رہنے والی یازوکو ہوریگومی جاپان میں مظاہرہِ فن کرنے کے بعد فرینکفرٹ ہوائی اڈے سے گزر رہی تھی جب اس کا وائلن ضبط کر لیا گیا۔ جب اس نے یورپی یونین میں آنے والے مسافروں، جن کے پاس دکھانے کے لیے کوئی سامان نہیں ہوتا، کے لیے مختص سبز گیٹ سے گزرنا چاہا تو کسٹم افسران نے اسے روک لیا اور کہا کہ اسے اپنے 1741 گوآرنیرس وائلن کے لیے 190,000 یورو ڈیوٹی ادا کرنا ہو گی۔
جب وہ 1986 میں اس کی خریداری کی دستاویزات مہیا نہ کر سکی تو کسٹم والوں نے قیمتی چوتارہ ضبط کر لیا۔ گوآرنیرس وائلن دنیا میں بہترین نسل کے وائلن سمجھے جاتے ہیں، جنہیں سٹراڈی وارئیس اور آماٹی کے ہم پلہ مانا جاتا ہے۔
54 سالہ ہوریگومی، جس نے تین عشروں تک یورپ میں کام کیا ہے، نے اس کے بعد سے اپنی وائلن کی ملکیت کی دستاویزات جمع کروا دی ہیں۔ اس نے وائلن 1986 میں جاپان سے خریدا تھا۔