بیجنگ: جاپانی کار ساز اداروں نے ستمبر کے دوران چین میں فروخت میں گراوٹ کی اطلاع دی ہے، جس سے دونوں ممالک کے مابین علاقائی تنازع کے اثر کی تصدیق ہوئی ہے اور خدشات پیدا ہوئے ہیں کہ دنیا کی سب سے بڑی کاروں کی مارکیٹ میں ان کا حصہ کم سے کم ہوتا جائے گا۔
ٹیوٹا موٹر کارپ کے ایک ترجمان نے منگل کو کہا کہ چین میں ستمبر کے دوران فروخت ایک سال قبل کے مقابلے میں 48.9 فیصد کم ہو گئی، جبکہ ہنڈا موٹر کو نے چین میں 40.5 فیصد تک فروخت میں کمی کی اطلاع دی۔
چینی وینچر پارٹنر ڈونگ فینگ موٹر گروپ کو کے مطابق، نسان موٹر کو کی چین میں کاروں کی فروخت، بشمول درآمدات، ستمبر میں پچھلے سال کے مقابلے میں 34.6 فیصد کم ہو گئی، جبکہ سوزوکی موٹر کار نے کہا کہ پچھلے ماہ چین میں ڈیلر شپس پر فروخت ایک سال قبل کے مقابلے میں 42.5 فیصد کم ہو گئی۔
چھوٹے حریف مزدا موٹر کارپ نے پچھلے ہفتے کہا کہ اس کی چینی فروخت پچھلے برس کے مقابلے میں ستمبر میں 35 فیصد کم ہو گئی۔ ستمبر میں بی ایم ڈبلیو کی چین میں فروخت 55 فیصد، آؤڈی کی 20 فیصد اور ہنڈائی موٹر کی 15 فیصد تک بڑھ گئی۔