ٹوکیو: عالمی مالیاتی فنڈ کی سربراہ نے جمعرات کو یورپ کے قرضے کے مسائل اور امریکہ میں بڑھتے ہوئے مالیاتی بحران سے نپٹنے کے لیے فوری اقدامات کی اپیل کی، اور خبردار کیا کہ مشکلات کا شکار عالمی معیشت پہلے ہی قنوطیت پسندانہ توقعات پر پورا اترنے میں بھی ناکام ہو رہی ہے۔
آئی ایم ایف کی سربراہ کرسٹائن لیگارڈ نے ٹوکیو میں آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے سالانہ اجلاس شروع ہونے کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے یورپی سنٹرل بینک اور یورپی حکومتوں کی جانب سے اٹھائے گئے حالیہ اقدامات کی تعریف کی، تاہم کہا، “مزید کی ضرورت ہے اور جلد از جلد”۔
اسی دن بعد ازاں امیر ترین ممالک گروپ سیون کے وزرائے خزانہ اور مرکزی بینکاروں نے ایک غیر رسمی اجتماع شروع کیا جہاں وہ ممکنہ طور پر یورپ کے قرضہ بحران، ایشیا میں کمزور بڑھوتری اور امریکہ میں بجٹ کے سلسلے میں منڈلاتی ہوئی پیچیدگی سے نمٹنے کے لیے اقدامات پر بات چیت کریں گے۔
یورپی حکومتوں نے بجٹ خسارہ کم کرنے کے لیے بھی اقدامات اٹھائے ہیں۔