ٹوکیو: جاپان کی نئی ایٹمی نگران ایجنسی کے سربراہ کا کہنا ہے کہ ری ایکٹروں کو اس وقت تک دوبارہ چلنے کی اجازت نہیں ہو گی جب تک وہ اگلے سال متعارف کروائی جانے والی نئی زلزلیاتی جانچ پڑتالیں پاس نہ کر لیں اور حفاظتی معیارات پر پورے نہ اتر لیں۔
ایٹمی نگران اتھارٹی کے سربراہ شونیچی تاناکا نے کہا کہ نئی شرائط کے تحت ایٹمی پلانٹ چلانے والوں کے لیے حادثات اور دہشت گردانہ حملوں کی صورت میں ہنگامی کاروائیاں لازمی ہو جائیں گی۔ یہ سب اس تنقید کے بعد سامنے آیا ہے کہ پلانٹ چلانے والوں اور حکام کے مابین ملی بھگت کی وجہ سے سونامی زدہ فوکوشیما ایٹمی بجلی گھر پچھلے سال کے بحران کے لیے تیاری کے بغیر پڑا رہ گیا۔ (فوکوئی کے) ری ایکٹرز فوکوشیما کی آفت کے بعد حفاظتی جانچ پڑتال کے لیے بند تمام جاپانی ری ایکٹروں میں سے چلنے والے اکلوتے ری ایکٹر ہیں۔ تاناکا نے کہا کہ اس سے قبل کہ کسی ری ایکٹر کو دوبارہ چلانے پر غور کیا جائے، ری ایکٹروں کے گرد واقع قصبات کو توسیع شدہ ہنگامی کاروائیوں کے ساتھ سامنے آنا ہو گا۔ تاناکا نے کہا کہ اگر فالٹ لائنوں کی تصدیق ہو گئی تو ان دونوں ری ایکٹروں کو بند ہونا پڑے گا۔
ایٹمی طبیعیات دان اور فوکوشیما کے مقامی، تاناکا جاپان کی ایٹمی توانائی ایجنسی کے سابق عہدیدار ہیں، جو ایٹمی توانائی کو فروغ دیتی ہے۔ “کوئی ری ایکٹر اس وقت تک نہیں چلے گا جب تک مقامی کمیونٹی کے پاس ہنگامی منصوبے نہ ہوں جو رہائشیوں کے لیے قابل قبول ہوں۔”