سیندائی، صوبہ میاگی کا ایک بڑا ہوائی اڈہ منگل کو اس وقت بند کر دیا گیا جب تعمیراتی کارکنوں نے نہ پھٹ سکنے والا ایک بم دریافت کیا، خیال ہے جو دوسری جنگ عظیم کے زمانے کا ہے۔
مقامی پولیس اہلکار ہیروشی اوچی نے کہا، ایک رن وے کے قریب تعمیراتی کام کے دوران 250 کلو گرام وزنی بم بے نقاب ہونے کے بعد سیندائی کے ہوائی اڈے سے آنے اور جانے والی تمام 92 پروازوں کو منسوخ کر دیا گیا۔ اوچی نے کہا کہ قریبی گھروں سے انخلا زیر غور تھا۔
سیندائی کا ہوائی اڈہ، جو شمالی جاپان میں سفر کے لیے ایک اہم مرکز ہے، کو پچھلے سال کے سونامی سے نقصانات کی وجہ سے کئی مہینوں تک بند رکھا گیا تھا۔
امریکہ نے دوسری جنگ عظیم کے دوران جاپانی شہروں پر بے پناہ بمباری کی تھی، اور جاپان کے ہتھیار ڈالنے کے 67 سال بعد بھی نہ پھٹ سکنے والا بم ملنا غیر معمولی بات نہیں۔ ماہرین کہتے ہیں کہ نہ پھٹ سکنے والا تمام تر توپخانہ ہٹانے میں کئی عشرے لگ سکتے ہیں۔
پچھلے ہفتے وسطی ٹوکیو میں کئی سو رہائشیوں کو انخلا کا حکم دیا گیا تھ تاکہ بم اسکواڈ وہاں دفن 220 کلو گرام وزنی بم کو ہٹا سکیں۔