سیندائی: ایک حکومتی اہلکار نے کہا کہ میاگی میں سیندائی ہوائی اڈے کے مصروف رن وے کے قریب سے برآمد ہونے والا دوسری جنگِ عظیم کا بم بدھ کو کنکریٹ اور ریت کی بوریوں تلے چھپا ہوا تھا، جبکہ پروازیں دوبارہ بحال ہو گئیں۔
ہوائی اڈے پر ڈرینیج سسٹم — جو پچھلے سال سونامی سے کیچڑ زدہ ہو کر بند ہو گیا تھا — دوبارہ تعمیر کرنے والے ایک کارکن نے پیر کو 225 کلو گرام وزنی بم دریافت کیا تھا، خیال ہے جو امریکہ نے گرایا تھا۔
ہوائی اڈے نے اپنے دو میں سے ایک رن وے کو استعمال کرتے ہوئے آپریشن دوبارہ شروع کر دئیے، جبکہ اس سے قبل منگل کو 92 علاقائی اور بین الاقوامی پروازیں منسوخ کی گئیں تھیں۔
جنگ ختم ہونے کے قریباً 70 سال بعد بھی جاپان میں کبھی کبھار غیر دریافت شدہ بم اور خول ملتے رہتے ہیں، خاص طور پر اوکی ناوا کے جنوبی جزیرے میں جہاں دوسری جنگِ عظیم کے اختتام کے قریب انتہائی خونی لڑائی لڑی گئی تھی۔
سیندائی کا ہوائی اڈہ مارچ 2011 میں جاپان میں زلزلے سے آنے والے سونامی کی وجہ سے تباہ ہو گیا تھا۔