بیجنگ: ایک نائب وزیر خارجہ نے بدھ کو کہا کہ دونوں ممالک کے مابین علاقائی تنازع کے دوران چین کے وزیر اعظم وین جیاباؤ اگلے ہفتے ایشا یورپ (آسیم) سمٹ کے موقع پر اپنے جاپانی ہم منصب سے ملاقات نہیں کریں گے۔
یہ خیالات مشرقی بحر چین میں واقع متنازع ٹاپوؤں، جنہیں بیجنگ میں دیاؤیو جزائر کہا جاتا ہے، پر طنز و تشنیع کے ایک سلسلے اور غصیلے بیانات کے بعد سامنے آئے ہیں، اگرچہ اطلاعات کے مطابق دونوں اطراف اس معاملے پر مذاکرات کے تیسرے راؤنڈ کی تیاری کر رہی ہیں۔
ما زہوکسو نے ایک بریفنگ کے دوران کہا ،”جہاں تک چینی اور جاپانی لیڈروں کی ملاقات کا سوال ہے، ایسا کوئی انصرام نہیں کیا گیا”، اگرچہ انہوں نے نوٹ کیا کہ وین جاباؤ “اپنے مصروف شیڈیول سے وقت نکال کر” دوسرے وفود سے ملاقات کریں گے۔
انہوں نے کہا ،”جاپان کو یہ کرنے کی ضرورت ہے کہ اپنی غلطیوں پر سنجیدگی سے غور کرے اور انہیں ٹھیک کرے اور دیاؤیو جزائر کے معاملے کو مناسب انداز میں حل کرنے کی کوشش کرے، اور چین جاپان تعلقات میں موجود رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے”۔