بیجنگ: سرکاری میڈیا نے پیر کو بتایا کہ تین عمر رسیدہ جاپانی سیاح عظیم دیوارِ چین کے دورے کے دوران اچانک آنے والے برفانی طوفان میں پھنس کر ہلاک ہو گئے۔
سرکاری نیوز ایجنسی ژنہوا نے مقامی حکومت کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، 62 اور 68 سال کی دو خواتین اور ایک 78 سالہ جاپانی مرد کی موت کی تصدیق کر دی گئی جب وہ چین کے شمالی صوبے ہابئیے میں دیوار کے نزدیک ایک پہاڑ پر برفانی طوفان میں پھنس گئے تھے۔
ژنہوا نے مزید کہا، ایک اور 59 سالہ جاپانی سیاح، اور ایک چینی شخص جو جاپانی سیاحتی ایجنسی کے لیے کام کرتا ہے، ایک مقامی کلینک پر علاج معالجہ وصول کر رہے تھے۔
ویک اینڈ کے دوران پورے جنوبی چین کو بھاری برفانی طوفانوں نے اپنی لپیٹ میں لے لیا، جبکہ بیجنگ، ہابئیے اور شمالی اندرونی منگولیا خطے میں ہفتے کی رات موسم شدید ترین تھا۔