ٹوکیو: ٹوکیو کے سابق گورنر اور قوم پرست خیالات کے چیمپئن شینتارو اشی ہارا نے منگل کو باضابطہ طور پر ایک نئی جماعت کا آغاز کر دیا جو جاپان کی 15 ویں سیاسی جماعت ہے۔
80 سالہ اشی ہارا سن رائز پارٹی کی سربراہی سابق سربراہ تاکیو ہیرانوما سے لے رہے ہیں۔ سن رائز پارٹی میں اس وقت پانچ قانون ساز ہیں، جسے ‘تائیو نو تو’ (سورج کی پارٹی) کا نیا نام دیا جائے گا۔
کھچا کھچ بھری ایک نیوز کانفرنس سے بات چیت کرتے ہوئے 80 سالہ اشی ہارا نے کہا کہ وہ دوسری اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ اتحاد پر بات چیت کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں تاکہ حکمران ڈیموکریٹک پارٹی آف جاپان (ڈی پی جے) اور مرکزی اپوزیشن جماعت لبرل ڈیموکریٹک پارٹی (ایل ڈی پی) کا مناسب متبادل تخلیق کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا، “آئندہ انتخابات فیصلہ کن ہوں گے”۔ “مجھے امید ہے کہ بوڑھے باغی سیاستدان نوجوان باغیوں کی ایک نئی نسل کو تحریک دیں گے۔”
اشی ہارا جاپان کے آئین پر نظر ثانی کا مطالبہ کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ جاپان کو مزید مضبوط قوم بننے اور اپنے آپ کو دوبارہ زندگی دینے کی ضرورت ہے، ورنہ یہ ڈوب جائے گا۔