ٹوکیو: ٹیوٹا نے بین الاقوامی طور پر 2.77 ملین گاڑیوں کو پانی کے پمپ یا اسٹیئرنگ کے مسائل پر واپس منگوانے کا اعلان کیا ہے، جو قبل ازیں واپس منگوانے کے اعلانات کے بعد فرم کی نیک نامی کو لگنے والا تازہ ترین دھچکا ہے۔
جاپان کے سب سے بڑے کار ساز ادارے نے بدھ کو کہا کہ زخمی ہونے یا حادثات کی کوئی اطلاع نہیں ہے، تاہم اس نے جاپان میں پمپ کے معاملے پر 400 شکایات اور اسٹیئرنگ کے معاملے پر چند شکایات وصول کی ہیں۔
فرم نے پچھلے ماہ عالمی سطح پر 7.43 ملین کاروں کی بہت بڑی تعداد واپس منگوانے کا اعلان کیا تھا، جس میں اس کی مقبولِ عام کیمرے اور کرولا ماڈل بھی شامل ہیں، جن میں برقی کھڑکی میں نقص کی وجہ سے آتش زنی کا خطرہ تھا۔
فرم نے مزید کہا، بدترین صورتحال میں اسٹیئرنگ کا مسئلہ ڈرائیور کو گاڑی کا کنٹرول کھونے پر مجبور کر سکتا ہے، جبکہ پانی کے پمپ کا مسئلہ اسے ناکارہ کر سکتا ہے۔
ٹیوٹا، جو کبھی اپنے حفاظتی معیارات کی وجہ سے تحسین و ستائش کا مرکز ہوا کرتا تھا، کو حالیہ برسوں میں نقصانات پر قابو پانے کے موڈ میں آنا پڑا ہے جب اس نے نقائص کی وجہ سے دسیوں لاکھ گاڑیاں واپس منگوائیں۔