ٹوکیو: سیلف ڈیفنس فورس کی ایک ٹیم نے دو ہفتے قبل میاگی صوبے میں سیندائی کے ہوائی اڈے کے ایک رن وے کے قریب پائے جانے والے دوسری جنگِ عظیم کے 250 کلوگرام وزنی بم کو بحفاظت طریقے سے ہٹا دیا ہے۔
اس ٹیم نے بدھ کو زنگ آلود بم کو ناکارہ کیا اور پھر اسے ہوائی اڈے سے پرے منتقل کر دیا۔ ان کے کام کرنے کے دوران 30 سے زیادہ پروازیں منسوخ کی گئیں۔
سیندائی کا ہوائی اڈہ پچھلے سال کے سونامی سے بری طرح متاثر ہوا تھا اور یہ بم اس کی بحالی کے سلسلے میں جاری تعمیراتی کام کے دوران سامنے آیا۔ ہوائی اڈا فوری طور پر بند کر دیا گیا تھا، تاہم فوجیوں نے بم کے گرد سینکڑوں ریت بھری بوریاں لگا دیں تاکہ اگلے دن پروازیں بحال کی جا سکتیں۔
بدھ کی صبح جب بم ہٹایا گیا تو ہوائی اڈا دوبارہ بند کیا گیا تھا۔
امریکہ نے دوسری جنگ عظیم کے دوران جاپانی شہروں پر بے پناہ بمباری کی تھی، اور جاپان کے ہتھیار ڈالنے کے 67 سال بعد بھی نہ پھٹ سکنے والے بم ملنا غیر معمولی بات نہیں۔