ساسیبو: امریکی بحریہ نے پیر کو پورے جاپان میں اپنے ملازمین پر شراب پینے کے سلسلے میں پابندیاں مزید سخت کر دیں۔
امریکی بحری فورسز کے ایک ترجمان نے کہا کہ فعال ڈیوٹی پر موجود ملاحوں کو رات 10 سے صبح 8 بجے تک الکوحل پینے سے منع کر دیا گیا ہے، چاہے وہ چھٹی پر ہوں یا لبرٹی اسٹیٹس پر۔ یہ تازہ ترین اقدام پورے ملک میں رات کے کرفیو کے علاوہ اٹھایا گیا ہے، جو رات 11 سے صبح 5 بجے تک رہتا ہے۔
تاہم بحریہ نے یہ نہیں کہا کہ وہ نیا قانون نافذ کیسے کرے گی، نا ہی اس نے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سزاؤں کے بارے کچھ بتایا۔
اوکی ناوا، یوکوہاما، ساسیبو اور دیگر جگہوں پر ہونے والے واقعات کے ایک سلسلے، جن میں شرابی امریکی فوجی ملوث تھے، کے بعد امریکی فوج اس کے خلاف اقدام اٹھانے کے لیے شدید دباؤ کی زد میں ہے۔
اسٹار اینڈ اسٹرائپس نے اطلاع دی کہ نئی پابندیوں کے تحت ملاحوں کو کرفیو کے گھنٹوں کے دوران بیس پر یا بیس سے باہر کوارٹرز میں ہونا چاہیئے، اور چھٹی یا سفر میں ہونے والے تمام ملاحوں کو ان کے اعلی افسران کے پیشگی منظور کردہ ہوٹلوں میں ٹھہرے ہونا چاہیئے۔
اوکی ناوا میں امریکی افواج نے پچھلے ہفتے سے ناہا میں کرفیو کے گھنٹوں کے دوران رات گئے گشت شروع کیے تھے۔