ٹوکیو: ایک اہلکار نے بدھ کو کہا کہ جاپان میزائلوں، لڑاکا جیٹ طیاروں اور ہیلی کاپٹروں پر اضافی 180.5 ارب ین خرچ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، جیسا کہ ٹوکیو ابھرتے ہوئے چین پر بڑھتے ہوئے خدشات کے پیشِ نظر دفاعی صلاحیتیں بہتر کرنے کی کوششوں میں ہے۔
وزارتِ دفاع کے ایک ترجمان نے اے ایف پی کو بتایا، “ہم ایک محرکاتی پیکج میں سے 180.5 ارب ین فوجی اخراجات کے لیے مختص کرنے کی درخواست کریں گے”، اور مزید اضافہ کیا کہ یہ روپیہ پی اے سی 3 اورائن زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل نظاموں کی خریداری اور چار ایف 15 جیٹ طیاروں میں جدت طرازی پر صرف کیا جائے گا۔
ترجمان نے کہا، “180.5 ارب ین میں سے وزارتِ دفاع 60.5 ارب ین جاپان کے اطراف میں موجود سلامتی کے بدلتے ماحول کے لیے تیاری پر خرچ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے”۔
قدامت پسند سانکےئی شمبن نے بدھ کو اطلاع دی کہ متنازع جزائر کو جاپان کی جانب سے قومیائے جانے کے بعد سے چینی فوجی طیاروں کے جاپانی علاقے کے نزدیک آنے کی تعداد میں اضافہ ہو گیا ہے۔