ٹوکیو: جاپانی پولیس نے ایک 20 سالہ امریکی بحریہ کے ملاح کو پیر کو حراست میں لیا، جو اطلاعات کے مطابق مبینہ طور پر ایک بوڑھی خاتون کی جائیداد پر شراب کے نشے میں مداخلتِ بیجا کا مرتکب ہوا، اگرچہ رات کا کرفیو نافذ تھا۔
یہ جاپان میں امریکی فوجی ملازمین کی گرفتاریوں کے سلسلے کا تازہ ترین واقعہ ہے، جہاں ایک اور 24 سالہ شرابی بحری فوج کے ملاح کو صرف ایک ہفتہ قبل مداخلتِ بیجا پر گرفتار کیا گیا تھا، اور وہ بھی پچھلے سال ایک جاپانی خاتون کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے بعد نافذ کردہ کرفیو کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوا تھا۔
کیودو نیوز اور جی جی پریس نے اطلاع دی، ماؤنیل سِلوا، جو امریکی طیارہ بردار بحری جہاز جارج واشنگٹن پر خدمات سر انجام دیتا ہے، نے بندرگاہی شہر یوکوسوکا میں ایک 72 سالہ خاتون کی جائیداد میں گھسنے کا اعتراف کیا۔
اطلاعات کے مطابق، پولیس اہلکاروں نے سِلوا کو بعد میں عورت کے گھر کے گراؤنڈ میں لیٹا ہوا پایا تھا۔
خیال ہے کہ اس ملاح نے رات کے کرفیو کی بھی خلاف ورزی کی ہے جو امریکی بحریہ کے دو ملاحوں کی اوکی ناوا میں ایک عورت سے زیادتی کے ضمن میں گرفتاری کے بعد پورے جاپان میں امریکی فوجی ملازمین پر عائد کیا گیا تھا۔