ٹوکیو: سیاحتی انڈسٹری کے پیر کے ڈیٹا کے مطابق، فروری اور مارچ کے دوران چین کے لیے جاپانیوں کے پیکج ٹورز کی بکنگ میں 80 فیصد کے قریب کمی ہوئی ہے، جیسا کہ کئی ماہ پرانا علاقائی تنازع تعلقات پر اثر ڈال رہا ہے۔
جاپان ایسوسی ایشن آف ٹریول ایجنسیز نے کہا، جاپان بھر کے سات سے بڑے شہروں سے بک کروائے جانیوالے چین کے ٹورز سالانہ بنیادوں پر فروری کے لیے 83 فیصد اور مارچ کے لیے 77.2 فیصد کم ہو گئے۔
ٹوکیو اور بیجنگ مشرقی بحر چین میں واقع جزائر پر علاقائی خودمختاری کے ایک تلخ جھگڑے میں الجھے ہوئے ہیں، جنہیں جاپانی میں سین کاکوس اور چینی میں دیاؤیوز کہا جاتا ہے۔
ایسوسی ایشن کے ترجمان ہیرویوکی سیشی نے کہا، “کاروباری سفر کی طلب ابھی بھی موجود ہے تاہم تنازع کا سیر و سیاحت کے حوالے سے طلب پر خاصا بڑا نفسیاتی اثر پڑا”۔
فروری اور مارچ میں ہونیوالی کمی سے ظاہر ہوتا ہے کہ چین کے سفر کے لیے طلب میں اکتوبر کی 74 فیصد تک کمی کے بعد اضافہ نہیں ہو رہا تھا اور نومبر دسمبر میں یہ کمی 80 فیصد تک پہنچ گئی تھی۔