ٹوکیو: وزیر اعظم شینزو ایبے نے منگل کو کہا کہ وہ روس کے ساتھ عشروں پرانے علاقائی تنازع کا “باہمی طور پر قابلِ قبول حل” تلاش کرنا اور ماسکو کے ساتھ عرصہ دراز سے تاخیر کا شکار امن معاہدے پردستخط کرنا چاہتے ہیں۔
ایبے کے بظاہر مصالحت آمیز خیالات ان کے چین کے ساتھ متنازع جزائر کےایک اور سیٹ کی خودمختاری پر جاری جھگڑے میں بے لچک موقف کے بالکل متضاد ہیں۔
ایبے نے روس کے زیرِ انتظام جنوبی کوریل جزائر کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا، “میرے عزم میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے کہ جنوبی علاقوں کا مسئلہ حل کرنے کے بعد روس کے ساتھ امن معاہدے پر دستخط کے لیے اپنے بس میں ہر چیز عمل میں لاؤں”۔
پچھلے سال دسمبر میں ایبے اور روسی صدر ولادی میر پوٹن نے جنگِ عظیم دوم کی عداوتوں کو باضابطہ طور پر ختم کرنے کے لیے ایک امن معاہدے پر دستخط کے لیے دوبارہ مذاکرات کے آغاز پر اتفاق کیا تھا جس کے امکانات اس تنازع کی وجہ سے کم ہوئے ہیں۔