واشنگٹن: امریکی وزیرِ دفاع لیون پینٹا نے بدھ کو چین پر زور دیا کہ وہ تصادم سے بچے اور جاپان و دوسرے ممالک کے ساتھ علاقائی تنازعات پر پُر امن مکالمے کی راہ اپنائے۔
جارج ٹاؤن یونیورسٹی میں ایک خطاب کے بعد جب چین اور جاپان کے مابین سین کاکو جزائر پر جاری کشیدگی کے بارے میں پوچھا گیا تو پینٹا نے فکرمندی کا اظہار کیا کہ “یہ ایسی صورتحال ہے کہ جس میں موجود علاقائی دعوے بالآخر ہاتھ سے نکل سکتے ہیں”۔
انہوں نے مزید کہا: “ہمارا ملک یا دوسرا ملک ایسے انداز میں ردعمل ظاہر کر سکتا ہے جو اس سے بھی بڑا بحران پیدا کر سکتا ہے”۔
جزائر کے تنازع پر کشیدگی میں اس وقت اضافہ ہو گیا جب جاپان نے کہا کہ چینی فریگیٹ نے پچھلے ہفتے مشرقی بحر چین میں ایک جاپانی جنگی بحری جہاز پر ہتھیاروں کا نشانہ تاننے والا ریڈار مرکوز کر دیا تھا۔ جاپان کے وزیرِ اعظم شینزو ایبے نے اس فعل کو “خطرناک” اور “اشتعال انگیز” قرار دیا۔
پینٹا نے کہا کہ چین، امریکہ اور دوسرے ممالک کو “مشترکہ چیلنجوں” سے نپٹنے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیئے، جن میں قزاقی، قدرتی آفات اور علاقائی تنازعات شامل ہیں۔