ناہا: جاپانی پولیس نے پیر کو کہا کہ انہوں نے اوکی ناوا میں ایک امریکی ائیر مین کو حراست میں لیا ہے جس نے مبینہ طور پر شراب پی کر ڈرائیونگ کرتے ہوئے کار کا حادثہ کروا دیا، جو کہ ملک میں امریکی فوجیوں کی گرفتاریوں کے سلسلے کا تازہ ترین واقعہ ہے۔
41 سالہ ایرک سیمونز، جسے وسطی اوکی ناوا میں امریکی فضائیہ کے کاڈینا بیس پر تعینات کیا گیا ہے، نے اتوار کو رات 11:30 بجے مبینہ طور پر شراب کے زیرِ اثر ایک کار چلائی، اور گاڑیاں ایکدوسرے سے ٹکرانے کی وجہ بن گیا۔ اس حادثے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔
اکتوبر میں امریکی بحریہ کے دو ملاحوں کی اوکی ناوا میں ایک عورت سے زیادتی کے ضمن میں گرفتاری کے بعد امریکی فوج نے پورے جاپان میں امریکی فوجی ملازمین پر رات 11 سے صبح 5 تک کے اوقات میں کرفیو نافذ کر دیا تھا۔
مقامی میڈیا کے مطابق، نشے میں ڈرائیونگ کرنیوالا مشتبہ، جو اڈے سے باہر رہتا ہے، نے دعوی کیا کہ وہ اپنے کام پر جا رہا تھا اور اس نے کرفیو نہیں توڑا۔
کرفیو کے باوجود امریکی فوجی ملازمین سے متعلق بد اطواری کے واقعات ان آبادیوں میں امریکہ مخالف جذبات بھڑکانا جاری رکھے ہوئے ہیں جہاں امریکی اڈے واقع ہیں۔