ٹوکیو: عالمی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کے نائب صدر کریگ ریڈی نے جمعرات کو چار روزہ معائنہ ٹور کے اختتام پر کہا، 2020 کے گرمائی اولمپکس کے لیے ٹوکیو کی بولی کو حکومت، کاروباروں اور عوامی سطح پر “مضبوط” حمایت حاصل ہے۔ برطانوی اولمپک ایسوسی ایشن کے سابق سربراہ نے نیوز کانفرنس کو بتایا، “مجموعی طور پر یہ ہر طرح سے بہترین رہی ہے”۔
ٹیوٹا کے چئیرمین فُوجیو چُو نے اولمپک ٹیم کو بتایا کہ جاپان کے دیوقامت کارپوریٹ ادارے ٹوکیو میں ایک اور گرمائی اولمپکس میں حصہ ڈالنے کے لیے تیار ہیں، اور پر امید ہیں کہ یہ کھیل 1964 کے ایڈیشن کی طرح ہی معیشت کو افزائش فراہم کریں گے۔
چُو نے منگل کو کہا، “اگر ٹوکیو 2020 کے اولمپکس کی میزبانی حاصل کرتا ہے، تو میرا خیال ہے کہ کاروباری ادارے اسپانسر بن جائیں گے اور ان کی حمایت کریں گے”۔
ریڈی نے کہا، “وہ اپنی امیدوں اور خوابوں کے بارے میں بات کرنے، اور اپنے کھیلوں اور شہر پر اظہارِ خیال کے لیے پہلے سے تیار تھے۔”
جاپانی اولمپک کمیٹی کے صدر تسونیکازو تاکیدا، جو بولی کمیٹی کے سربراہ بھی ہیں، نے کہا: “ہم نے جو کچھ پیش کیا میں اس سے مکمل طور پر مطمئن ہوں”۔