بیجنگ: چین کے وزیرِ کامرس نے جمعہ کو دوسری بڑی حکومتوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی برآمدات بڑھانے کے لیے کرنسی کی قدر کم کرنے سے گریز کریں، اور خبردار کیا کہ اس سے بین الاقوامی اقتصادی بڑھوتری متاثر ہو سکتی ہے۔
چَین ڈیمنگ ایک نیوز کانفرنس کے دوران جاپانی ین کی قدر میں کمی بارے ایک سوال کا جواب دے رہے تھے تاہم انہوں نے کہا کہ ان کی اپیل امریکہ اور یورپ کے لیے ہے۔
پچھلے برس کے نصف سے اب تک ین ڈالر کے مقابلے میں 20 فیصد تک سستا ہو چکا ہے، جس سے خدشہ پیدا ہوا کہ دوسری حکومتیں اپنی برآمدات کو مسابقت پذیر رکھنے کے لیے جواباً اپنی کرنسیاں بھی (جاپان کی طرح) سستی کر سکتی ہیں۔
چَین نے کہا، “مجھے ڈر ہے کہ ‘مسابقانہ تخفیفِ زر’ کا نتیجہ روپے کی زیادہ فراہمی کی صورت میں نکلے گا جس سے بین الاقوامی (اقتصادی) نمو پر منفی اثر ہو گا”۔
یاد رہے جاپانی وزیرِ اعظم شینزو ایبے نے عوامی طور پر ین سستا کرنے کے ارادے کا اظہار کر چکے ہیں تاکہ برآمد کنندگان کو مسابقت پذیری میں مدد فراہم کی جا سکے۔