سئیول: شمالی کوریا کی فوج نے جمعرات کو دھمکی دی کہ جنوبی کوریا کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقوں میں ایٹمی ہتھیار لے جانے کے قابل بی 52 بمبار طیاروں کے استعمال کے جواب میں جاپان میں امریکی فوجی اڈوں پر حملے کیے جا سکتے ہیں۔
جزیرہ نما کوریا میں کئی برسوں سے فوجی کشیدگی اپنے عروج پر ہے، جہاں شمالی کوریا — جو پچھلے ماہ کے ایٹمی تجربے کے بعد عائد کردہ اقوامِ متحدہ کی پابندیوں پر مشتعل ہے — ایٹمی ہتھیاروں سے دوسری کوریائی جنگ کی دھمکی دے رہا ہے۔
اس ماہ کے شروع میں اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے اپنائی گئی پابندیوں کی قرارداد سازی کا الزام امریکہ پر عائد کرتے ہوئے شمالی کوریا پہلے ہی غیر واضح امریکی اہداف کے خلاف “پیشگی” ایٹمی حملوں کی دھمکی دے چکا ہے۔
شمالی کوریا کے پاس ایسے میزائل موجود ہیں جو جنوبی کوریا اور جاپان پر حملہ کر سکتے ہیں تاہم اس نے ابھی طویل حدِ ضرب والے میزائلوں کی صلاحیت کا مظاہرہ نہیں کیا جو امریکہ تک پہنچ سکتے ہوں۔
جنوبی کوریا کی وزارتِ وحدت نے کہا، موجودہ بڑھی ہوئی کشیدگی کی ایک اور علامت کے طور پر شمالی کوریا نے جمعرات کو ہوائی حملے کا ایک عوامی انتباہ جاری کیا تھا۔