ٹوکیو: ایک جاپانی یوٹیلیٹی کمپنی نے دو برس قبل ایٹمی آفت والی جگہ کے قریب ایک نیا ایٹمی پلانٹ تعمیر کرنے کا منصوبہ ترک کر دیا۔
توہوکو الیکٹرک پاور کو نے جمعرات کو کہا کہ مقامی آبادیوں کی جانب سے سخت احتجاج کے ساتھ ساتھ نئے بجلی گھر کی مجوزہ جگہ پر تابکاری کے اخراج نے منصوبے کو ناقابلِ عمل بنا دیا تھا۔ کمپنی فوکوشیما ڈائچی ایٹمی بجلی گھر، جو 11 مارچ، 2011 کو آئے بڑے زلزلے کے بعد پیدا شدہ سونامی سے تباہ ہو گیا تھا، کے شمال میں ایک پلانٹ تعمیر کرنا چاہتی تھی۔
تاہم یوٹیلیٹی نے کہا کہ تابکاری کی آلودگی کی وجہ سے زمین کا حصول اور ماحولیاتی سروے مکمل نہیں کیے جا سکے۔
کمپنی اب بھی ایک موجودہ پلانٹ پر نیا ری ایکٹر تعمیر کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ جاپان کے پاس 50 کام کے لائق ری ایکٹر ہیں اور 12 تعمیر کے مختلف مراحل میں ہیں۔